(باخبر سوات ڈاٹ کام) ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر عبدالرحیم نے کہا ہے کہ کامیاب اور تاریخی ہڑتال حکمرانوں کیلئے ایک جھلک ہے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے تاجروں اور عوام نے کامیاب ہڑتال کرکے تاریخ رقم کر دی ہے، جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مکمل ہڑتال تاجروں اور عوام کی طرف سے حکمرانوں اور ان کی ظالمانہ پالیسیوں سے نفرت کا اظہار ہے۔ ہڑتال کو کامیاب بنانے پر تمام تاجر برادری، علاقے کے لوگوں، جماعت اسلامی، جے یو آئی، عوامی نیشنل پارٹی، پی ٹی آئی پارلیمنٹرین، قومی وطن پارٹی، پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن، نجی ہسپتالوں، چیمبر آف کامرس، ماربلز فیکٹری مالکان اور تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی تاجر برادری نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، اس نے حکمرانوں پر واضح کر دیا ہے کہ وہ ظلم و بربریت کے آگے دیوار بن کر مقابلے کرینگے۔ ناجائز ٹیکسز، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف آخری حد تک جائیں گے۔
