(باخبر سوات ڈاٹ کام) پختونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع سوات نے خوازہ خیلہ اور مینگورہ میں علاقے کے عوام اور سیاسی کارکنوں کے آئینی و قانونی عوامی مظاہروں کے شرکا کے خلاف دہشت گردی کے دفعات پر مبنی مقدمات کے قیام کو ظلم اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ انتظامیہ کا یہ اقدام آئین و قانون کی حکمرانی پر کالا دھبا ہے ۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے پشتون عوام کو اپنے قانونی و جائز حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ بیان میں مذکورہ جھوٹی ایف آئی آر کے خلاف صوبے و بالخصوص ملاکنڈ ڈویژن کی وکلا برادری اور دیگر سماجی حلقوں کی حمایت کو تاریخ ساز قرار دیا گیا اور 21فروری 2018ء کے دن ملاکنڈ ڈویژن میں عدالتوں میں ہڑتال کے فیصلے پر تمام متعلقہ بار ایسوسی ایشنز کی جرأت کو سراہ کر ان کا شکریہ ادا کیا گیا۔
