سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ملاکنڈ ڈویژن کو سیاحت و مواصلات، معاشی و تجارتی اور علمی سرگرمیوں کے حوالے سے نہ صرف سی پیک بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں کلیدی مقام دلانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے، جس میں سوات کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی۔ سوات موٹروے خطے میں معاشی اور مواصلاتی انقلاب کے اس نئے دور کا گیٹ وے ثابت ہوگا۔ تحصیل مٹہ کے دور افتادہ علاقہ درشخیلہ میں ملک اختر علی خان کے حجرہ پر استقبالیہ تقریب کے دوران لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ صرف چکدرہ تا کالام سڑک کو بین الاقوامی معیار کی شاہراہ بنایا جا رہا ہے بلکہ سوات کے مہوڈنڈ اور گبین جبہ جیسے پرفضا اور حسین علاقوں کو نئی سڑکوں کی تعمیر کے ذریعے ملحقہ ضلع دیر کے کمراٹ اور دیگر قابل سیاحت مقامات سے ملانے کا پلان بھی بنایا گیا ہے جس کی بدولت ایک ہی سیاحتی مقام تک طویل مسافت طے کرکے واپس آنے کی بجائے ایک ہی سیدھ میں کئی سیاحتی علاقوں کی سیر کرسکیں گے۔ یہ تمام صحت افزا علاقے نہ صرف ملکی بلکہ بین لاقوامی سطح پر سیاحوں کے لیے پُرکشش بن جائیں گے۔ اس کی بدولت مقامی پیداوار اور خدمات کو بھی ترقی ملے گی اور روزگار کے مواقع میں بے انتہا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سوات میں قیام امن کے بعد اب غیرملکی سیاح بھی یہاں کا رُخ کرنے لگے ہیں جو بڑی حوصلہ افزا بات ہے۔
