سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) خپل کلی وال تنظیم کوکاری کے ایڈوائزی کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وادئی کوکارئی اور سوات کے دیگر علاقوں میں کرونا کی وبا سمیت حالیہ ژالہ باری سے متاثر ہونے والے زرعی شعبے اور ہزاروں کاشتکاروں کی بحالی کے لئے فوری طور پر مناسب مالی پیکیج کا اعلان کریں۔ اس حوالے سے منعقد ہونے والے کسان فورم میں بتایا گیا کہ وادئی کوکارئ میں پانچ ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر لگے آڑو، آلوچہ، سیب اور ناشپاتی کے باغات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔ ان باغات پر چار ہزارسے زائد خاندانوں کا گذر بسرہوتا تھا، جنہوں نے دن رات محنت کے علاوہ اپنی جمع پونجی ان کی نگہداشت پر لگائی تھی۔ اب وہ باغات شدید ژالہ باری کی وجہ سے تباہ ہو چکے ہیں۔ اسی طرح گندم کی کھڑی فصلیں جو کہ دو تین ہفتے بعد کٹائی کے لئے تیار ہونے والی تھیں، بھی شدید طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجے میں ختم ہو چکی ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ژالہ باری اور کرونا وائرس کی وجہ سے کسان طبقے کو جو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، ضلعی انتظامیہ اور تحفظ و دوبارہ آبادکاری کا محکمہ اس کی تلافی کے لیے کسان پیکیج بنا کرحکومت سے نقد امداد کی ادائیگی کی سفارش کریں اور کہا کہ آنے والے موسم خریف کی فصل کی کاشت کے لیے مفت کھاد اور کوالٹی بیجوں کی فراہمی کا انتظام بھی کریں۔
