سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ ہر دورمیں دل فریب نعروں سے عوام کو دھوکا دیا گیا۔ کشکول لے کر درد ر پھرنے سے پاکستانی عوام کی عزت نفس کو مجروح کیا گیا۔ خیرات اور چندوں سے ملک چلانا ممکن نہیں۔ سودی نظام کی وجہ سے پاکستان کا ہر بچہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا مقروض ہے۔ حکمرانوں کی عیاشیوں اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے باہرممالک کے ایئرپورٹس پر آج پاکستانی پاسپورٹ کو تضحیک کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا ہے لیکن عدالتوں میں بسم اللہ پڑھنا معیوب سمجھا جاتا ہے۔عدالتی نظام، قرآنی نظام سے متصادم ہے۔ اسلام مغلوبیت کے لیے نہیں بلکہ غالب نظام کے طور پر آیا ہے۔دنیا و آخرت کی کامیابی اسوۂ حسنہ کوکامل طور پر اپنانے میں ہے۔ ا ن خیالات کااظہار انہوں ودودیہ ہال سیدوشریف سوات میں سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع ، امیر جماعت اسلامی ضلع سوات محمدامین سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے سیاست، معیشت سمیت دیگر تمام شعبوں میں ایک بہترین نظام دیا ہے۔ ہمارے معاشرے میں امن و سکون پیغمبرِ اسلام ؐ کی تعلیمات کی وجہ سے ہے۔ ا سلام سے دوری کی وجہ سے یورپ میں انسانیت اور رشتوں کا تقدس ختم ہوچکا ہے۔
