سوات(باخبر سوات ڈاٹ کام) ضلعی انتظامیہ سوات نے مختلف شاہراہوں پر عمارتی ملبہ ڈالنے والے لوگوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا۔ ڈی سی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز نے شاہراہوں پر عمارتی ملبہ ڈالنے والے 16 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کراکر پولیس کو ان افراد کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔انتظامی افسران نے سوات میں مختلف شاہراہوں اور بازاروں کے معائنے کے دوران شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے اور تعمیر و ترقی کا عمل یقینی بنانے میں ضلعی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کریں۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ ترقیاتی سرگرمیوں اور خدمات کی فراہمی والے اداروں کے کام میں رکاؤٹیں ڈالنے والے افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔
