سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم نے کہا ہے کہ میڈیا کو پولیو ویکسین سے متعلق منفی پروپیگنڈا زائل کرنے کا چیلنج درپیش ہے، جس نے دنیا بھر میں پاکستان کے مفادات کو خطرات سے دوچار کیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے پُرعزم عوام جس بات کا تہیہ کرلیتے ہیں،وہ کرکے ہی دم لیتے ہیں جس کی بڑی مثال پولیوکے خلاف حاصل کی جانے والی شاندار کامیابی ہے۔ اب صرف چند انکاری والدین کو قائل کرنا باقی ہے، جو انتظامیہ کے ساتھ میڈیا کے تعاون کا متقاضی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے زیراہتمام جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، کرک، ہنگو اور کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے لیے منعقدہ تربیتی ورکشاپ کے دوران کیا۔
