سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات میں پائیدار قیام امن اور عوام میں مسکراہٹیں بکھیرنے پر اہلِ سوات پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔ آرمی کے تعاون سے یہاں کی سول انتظامیہ اور پولیس بھی مکمل طور پر تیار ہو چکی۔ صوبائی حکومت بھی سوات کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی سکیموں کا آغاز کر چکی۔ یہاں سکیورٹی اداروں اور سول انتظامیہ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر طرح کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ وہ کانجو ائیرپورٹ پر سوات میں سول انتظامیہ کو اختیارات منتقلی کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک دہائی قبل اس خوبصورت وادی پر ملک دشمن عناصر نے قبضہ کر لیا تھا۔ دہشت گردوں نے ہمارے معصوم عوام پر جو مظالم ڈھائے وہ اس کے بذات خود عینی شاہد ہیں۔ یہ سوات کے عوام کے لیے سیاہ ترین دور تھا، مگر ان کا حوصلہ اور سوات کو پُرامن بنانے کا عزم مثالی رہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سوات کے سماجی اور معاشی نظام کو جس بے دردی سے نقصان پہنچایا، اس کی مثال دنیا میں کم ہی ملتی ہے۔ ہمارے تدریسی ادارے تباہ کئے گئے۔ خواتین پر ناجائز پابندیاں لگائی گئیں اور بے گناہ لوگوں کو مارا گیا۔ ایسے مشکل وقت میں پاک فوج، پولیس اور سوات کے عوام نے مل کر دشمن کا پامردی سے مقابلہ کیا۔ سوات سٹیڈیم سیدو شریف میں نیاپاکستان ہاؤسنگ سکیم کے رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام انتہائی اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد نہ صرف بے گھر لوگوں کی فلاح و بہبود ہے، بلکہ یہ ہزاروں بیروزگار افراد کے روزگار کا وسیلہ اور معیشت میں تیزی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ یہ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے جس سے کم آمدنی والے افراد مستفید ہوسکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے اس میگا رہائشی منصوبے کا اعلان کرتے وقت قوم کو یہ بھی یقین دلایا ہے کہ وہ ملک کو موجودہ مشکل صورتحال سے سرخرو ہوکر نکالیں گے۔
next post
