سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کے علاقے بہا میں گورنمنٹ پرائمری اسکول کی نئی عمارت پر ہائی اسکول کی انتظامیہ کے قبضے کے خلاف بچوں اور والدین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ گورنمنٹ پرائمری اسکول کی نئی عمارت رواں سال تعمیر ہوئی، تو 18 مئی کو ہائی اسکول انتظامیہ نے اپنا سامان لے کر عمارت پر قبضہ کرلیا اور پرائمری اسکول انتظامیہ کو ہائی اسکول کی عمارت میں رہنے کا کہا گیا۔ پرائمری اسکول کے اساتذہ نے انکار کیا، تو ڈی ای او محکمہ تعلیم اور دیگر حکام نے 3 جولائی کو موقع پر پہنچ کر ہائی اسکول کے حق میں فیصلہ کیا۔ اس اقدام کو سابق ہیڈ ماسٹر نیاز خان نے سینئر سول جج سوات کی عدالت میں چیلنج کیا۔ محکمہ تعلیم نے درخواست خارج کرنے کی اپیل کی، تاہم عدالت نے محکمہ تعلیم کی اپیل خارج کرتے ہوئے جوابِ دعویٰ جمع کرانے کاحکم دیا ہے۔ اگلی تاریخِ پیشی 24ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے ڈپٹی ڈی ای او شیر خان سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے کہاکہ اس معاملے کو سلجھانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
