سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) خیبر پختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (کیپرا) کے زیراہتمام عالمی بینک کے گورننس اینڈ پالیسی پروگرام کے اشتراک سے ملاکنڈ اور بونیر کے سرکاری محکموں کے افسران کے لیے فضاگٹ مینگورہ کے مقامی ہوٹل میں سہ روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ واضح رہے کہ کیپرا نے صوبہ بھر میں سرکاری و نیم سرکاری محکموں اور اداروں میں ہر قسم کی خریداریوں اور ٹھیکوں کے اجرا میں کرپشن و بے قاعدگیوں کے خاتمے اور خریداری کے معاملات میں مکمل شفافیت لانے اور سرکاری افسران کو خریداریوں اور ٹھیکوں سے متعلق قواعد و ضوابط کی مکمل آگاہی دینے کے لیے اضلاع کی سطح پر مرحلہ وار جامع پروگرام کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ورکشاپ کے آخری روز ڈائریکٹر کیپرا محمد قاسم خان نے ورکشاپ کے شرکا کو کیپرا رولز کے تحت خریداریوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے لیکچر اور پریزنٹیشن دیے۔
