سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) شورش کے دوران شہید ہونے والے سوات کے صحافی موسیٰ خان خیل کی گیارہویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ برسی کے موقع پر سوات پریس کلب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صحافیوں، سول سو سائٹی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے اپنے خطاب میں مقررین نے موسیٰ خان خیل کو شان دار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ سوات میں امن کے قیام کے لئے جن لوگوں نے جانوں کی قربانی دی، ان کی وجہ سے آج اس وادی میں پائیدار امن قائم ہے۔ سوات میں امن کے قیام میں ان شہدا کا نام تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ موسیٰ خان خیل نے ہمیشہ مثبت رپورٹنگ کی اور سوات میں امن کے لئے بہت کام کیا۔
