سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات ہوٹلز ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کی آڑ میں دریائے سوات کے کنارے واقع ہوٹلوں کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کر تے ہوئے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ اس سلسلے میں سوات ہوٹلز ایسوسی ایشن کا اجلاس زیرِ صدارت الحاج زاہد خان منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت 2020ء کو سیاحت کے سال کے طور پرمنا رہی ہے، لیکن اس کے باوجود سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ در یا ئے سوات کے کنارے بنا ئے گئے ہوٹلز ابھی نہیں بلکہ بیس تیس سال سے قائم ہیں۔ اس وقت تمام کاغذی کارروائی مکمل کرکے لوگوں نے اپنی جائیدادوں میں ہوٹلزتعمیر کیے ہیں۔ سوات کے ہوٹلزمالکان پہلے زلزلہ، دہشت گردی پھر سیلاب اور خستہ حال سڑکوں کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہوئے۔اب جبکہ سڑکیں تعمیر ہوچکی ہیں اور سوات کی سیاحت کی ترقی کا دور شروع ہوا ہے، تو انتظامیہ کی جانب سے اس قسم کے سیاحت دشمن اقدامات سے سوات کی سیاحت کو شدید نقصان پہنچنے کا خد شہ ہے۔ایسوسی ایشن نے وزیراعلی محمود خان سے مطالبہ کیا کہ وہ خود اس معاملے کا نوٹس لے۔
