(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں ساڑھے 16ارب روپے کی لاگت سے گریویٹی سسٹم کی حتمی منظوری دے دی گئی۔ اس منصوبے سے مینگورہ شہرکے باسیوں کو ساڑھے 4کلومیٹر پر محیط پائپ لائن میں 3 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔ ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے کوترو میرہ کے مقام پر ڈمپینگ سائڈ بھی خریدا جارہا ہے۔ مینگورہ شہر میں جلد سیورج سسٹم بھی معتارف کرایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنی سوات کے چیف ایگزیکٹیو شید امحمد نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آپریشن منیجر میاں شاہدعلی اور ایڈمن آفیسر آصف خان بھی موجود تھے۔شید امحمد نے کہاکہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے ساڑھے 16 ارب روپے کی لاگت سے گاشکوڑ کے مقام پر دریائے سوات کے پانی کو استعمال میں لاکر پلانٹ لگایا جائے گا۔ چار سو پچاس کلومیٹر تک کی پائپ لائن بچھائی جائے گی، جس کے لئے 136 کنال اراضی مارکیٹ ریٹ پر خریدی جائے گی۔ یہ منصوبہ تین سال میں مکمل کیا جائے گا۔اس کے لئے مینگورہ شہر میں پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے 16 ٹینک بنائے جائیں گے۔8 ٹینک پہاڑ وں پراور 8 اوور ہیڈ ٹینک بنائے جائیں گے۔ شہریوں کو انتہائی مناسب ریٹ پر 24 گھنٹے پانی دستیاب ہوگا۔پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے ہر گھر کے باہر میٹرلگایا جائے گا۔
