(باخبر سوات ڈاٹ کام) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید نے کہاہے کہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے عدلیہ نے چائلڈپروٹیکشن بورڈ اور ورچویل کورٹس سسٹم متعارف کراکے انصاف کی فراہمی آسان بنادی ہے۔ملاکنڈڈویژن کے عوام دہشت گردی اور سیلاب کے کرب سے گزرے ہیں۔ بار اورعدلیہ مل کر یہاں کے عوام کو فوری انصاف دے کر ان کی مشکلات کا مداوا کریں۔ خوب صورت ملک پاکستان میں رہ رہے ہیں اور سب کو مل کر اس کو آگے لے کر جانا ہوگا۔کبل اورمٹہ میں نو تعمیر شدہ جوڈیشنل کمپلیکس کی عمارتوں کو جلد فعال بنائیں گے، تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے دورہ کے موقع پر کبل اور مٹہ میں تحصیل جوڈیشنل کمپلیکس کی نو تعمیر شدہ عمارتوں کی افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپشاور ہائی کورٹ مینگورہ بنچ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اورجسٹس وقار احمد خان، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام،ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن عبدالغفور آفریدی،ڈپٹی کمشنر سوات جنیدخان، ڈی پی او سوات دلاور خان بنگش اور کلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
