(باخبر سوات ڈاٹ کام)مینگورہ کے تھانہ رحیم آباد کی حدود میں واقع محلہ امانکوٹ(عثمان خیل) میں شوہر کی خودکشی کا ڈرامہ رچانے والی بیوی ہی خاوند کی قاتلہ نکلی۔ ایس ایچ او رحیم آباد محمد ایاز خان نے رابطہ کرنے پرباخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ26جون 2021کو تیس سالہ ملائکہ نے تھانہ میں رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کے شوہر 27سالہ مراد علی نے خود پر فائرنگ کرکے خود کشی کرلی۔ جس پر پولیس کی جانب سے تفتیش کا سلسلہ جاری تھا۔ تفتیش اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد پولیس نے ملائکہ کو گرفتار کیا تو ملزمہ نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے شوہر جو اس وقت سو رہا تھا،پر بارہ سالہ بیٹے مصطفی کے ہاتھوں فائرنگ کی جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ کیس میں ایک اور موڑ بھی سامنے آیا َ مسماۃ ملائکہ کی چودہ سال پہلے مقتول مراد علی کے بھائی فیروز خان کے ساتھ شادی ہوئی تھی۔ 6 سال قبل ملائکہ نے مقتول مراد علی سے اپنے شوہر اور مراد علی کے بڑے بھائی فیروز خان کو قتل کروایا تھا، جس کے بعد ملزمہ نے مراد علی سے شادی کرلی۔ ملزمہ کا بیٹا مصطفی مراد علی کے بڑے بھائی کا بیٹا ہے۔ ملزمہ نے مراد علی کے قتل کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ گھر سے اکثر اوقات سہیلیوں کے ساتھ باہر جاتی تھی اور مراد علی اس کو منع کرتا تھا۔ جس پر اس نے اپنے بیٹے کے ہاتھوں شوہر کا قتل کروایا۔
