(باخبر سوات ڈاٹ کام)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سیدو شریف سوات نے میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔ 2022ء کے سالانہ امتحان میں 44714 طلبہ وطالبات نے امتحان میں حصہ لیا جن میں سے 39658 کامیاب قرارپائے۔ پاس ہونے کا تناسب 88.68 فیصد رہا۔ سوات بورڈ کے چیئرمین پروفیسر سید نبی شاہ نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ سنگوٹہ پبلک سکول کی طالبہ منال انعام اور الاظہر اایجوکیشن انسٹیٹیوٹ کے سیاراحمدنے 1,100 میں سے 1,080 نمبرات لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ الاظہر انسٹی ٹیوٹ ہی کے طالب علم حزب اللہ نے 1,079 نمبر ات حاصل کرکے دوسری اور اسی انسٹی ٹیوٹ (الاظہر) کے دو طلبہ سید نعمان اقبال اور نوید حسین نے 1,078 نمبرات حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آرٹس گروپ میں پرائیویٹ امیدوار عاصمہ بی بی نے 1,100 میں سے 976 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن، گورنمنٹ ہائر ہائر سیکنڈری سکول طوطالئی، بونیر کے طالب علم سیف اللہ نے 975 نمبر لے کر دوسری جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چنگلئی، بونیرکی طالبہ نجیلہ نواز نے 968 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جماعت نہم کے امتحان کے نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 48,250 طلبہ نے امتحان دیا۔ ان میں سے 28,918 پاس ہوئے اور تناسب 59.93 فیصدرہا۔
