(باخبر سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کا کہنا ہے کہ سوات کی ترقی میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کیا جائے گا۔ علاقے میں ترقی اور امن کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ اجتماعی قومی مفاد کو ہر سطح پر ترجیح دینے اور اس ضمن میں ہر شہری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگورہ سے تعلق رکھنے والے معززین جس میں ملکانان بھی شامل تھے، سے ملاقات میں کیا، جنہوں نے وفد کی شکل میں کمشنر آفس سیدو شریف میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سے ملاقات کی۔ مینگورہ سے تعلق رکھنے والے معززین نے ملاکنڈ ڈویژن کے لئے بالعموم اور سوات کی ترقی کے لئے بالخصوص اقدامات کرنے پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کا شکریہ ادا کیا۔ معززین کا کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سے ملاقات میں کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال ہو یا قدرتی آفات، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے مؤثر حکمت عملی کے تحت صورتحال کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔
