چیف ایڈیٹر : فیاض ظفر
ایڈیٹر : امجد صحاب
ریزیڈنٹ ایڈیٹر: عطااللہ خان بابا
Swat

سوات، ہر سال 51 ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے، خصوصی رپورٹ

سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام)   میٹھے پھلوں اور تازہ سبزیوں کے لئے مشہور سوات کے ٹماٹر کی فصل تیار ہیں اور ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی شروع ہوگئی۔ زرخیز زمین، بہتر آب و ہوا کی وجہ سے سوات کے پھلوں کی طرح یہاں کی سبزیاں بھی مشہور ہیں۔ زرعی تحقیقاتی ادارہ کے مطابق سوات میں پانچ ہزار ایکٹر زمین پر ٹماٹر کی فصل اُگائی جاتی ہے۔ ہر سال سوات میں 51 ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ سوات میں سال میں دو بار ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ ایک زمیندار نذر ماما نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ٹماٹر کی فصل پہلے جون اور جولائی اورپھر اکتوبراور نومبر میں تیار ہوتی ہے۔ سوات میں ٹماٹر کے زیادہ تر باغات بریکوٹ سے مینگورہ کے درمیان اور شموزئی روڈ پر دریائے سوات کے کنارے واقع ہیں۔ اس کی فصل تیارہونے کے ساتھ ان باغات میں کارکنوں کا رش لگا رہتا ہے۔ ہر کھیت میں ٹماٹروں کے ڈھیر لگے رہتے ہیں، جہاں لوگ ان کو گتے کے ڈبوں میں پیک کرتے ہیں۔ ان علاقوں میں مقامی افراد ٹماٹر خرید کر اس کو تھیلوں میں بند کرکے فروخت کرتے ہیں۔ ٹماٹروں کا ایک گتے کا ڈبہ چالیس روپے میں ملتا ہے۔ اس لیے مقامی افراد وہ رقم بچا کر ٹماٹروں کو اس حساب سے کم قیمت میں فروخت کرتے ہیں۔ اس وقت سوات میں ٹماٹر فی کلو 120 روپے، پشاور میں 150اور کراچی میں دو سو سے زائد کے عوض فروخت ہورہا ہے۔ ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت میں اضافے کا زیادہ فائدہ سوات کے زمینداروں کو ہورہا ہے۔ پچھلے سال ٹماٹروں کی قیمت کم ہونے کی وجہ سے سوات کے زمینداروں نے کروڑوں روپے کا نقصان اٹھایا تھا۔ زمیندار شیر رحمان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایک ڈبہ میں 8 سے 9 کلوٹماٹر ہوتے ہیں جو پنجاب کی منڈیوں میں اس وقت ایک سو سے دو سو روپے میں فروخت ہوتے ہیں۔اس وجہ سے زمینداروں نے بھاری نقصان اٹھایا تھا۔ اس سال وہی ڈبہ ایک ہزار روپے یا اس سے زائد میں فروخت ہورہا ہے۔ جب ان سے قیمت میں اضافے کی وجہ معلوم کی، تو انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف سوات میں ٹماٹر کی فصل تیار ہے۔ ملک بھر میں ٹماٹر کی کمی کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ سوات میں پنجاب اور سندھ کے بیوپاریوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ زمیندار عبداللہ کے مطابق اس سے پہلے ہم ٹماٹر کو پیکنگ کے بعد گاڑیوں میں ڈال کر اپنے خرچے پر منڈیوں تک پہنچاتے تھے، لیکن اس سال ٹماٹر کی فصل صرف سوات میں ہونے کی وجہ سے بیوپاری نقد رقم دے کر ٹماٹر خریدتے ہیں اور ٹرکوں میں لوڈ کرکے خود ہی باقی علاقوں میں پہنچا کر فروخت کرتے ہیں۔ سوات میں ٹماٹر کی فصل تیار ہونے کے ساتھ سیکڑوں لوگوں کو روزگار مل جاتا ہے۔ سیزن میں کوئی بھی بے روزگار نہیں ہوتا۔ مانیار کے ایک کھیت میں کام کرنے والے مہران نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ باقی دنوں میں کبھی ان کی دیہاڑی لگ جاتی ہے اور کبھی نہیں، لیکن ٹماٹروں کے سیزن میں دو سے اڑھائی ماہ تک وہ بغیر چھٹی کے کام کرتے ہیں۔ ان کو یومیہ سات سو روپے ملتے ہیں اور گھر جاتے وقت کچھ ٹماٹر بھی مفت مل جاتے ہیں۔

Related posts

ملم جبہ، جعلی کاغذات پر زمین ٹرانسفر کرانے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج

Ba Khabar Swat

اینگروڈھیرئی،جائیداد کا تنازعہ، سگے بھائی قاتل بن گئے

Ba Khabar Swat

Mingora,Swat

Ba Khabar Swat

Leave a Comment