Swat

6 لاکھ آبادی والا سوات کا مرکزی شہر مینگورہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

سوات  (باخبر سوات ڈاٹ کام)  چھے لاکھ آبادی والا سوات کا مرکزی شہر مینگورہ گند گی کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ شہر کے لوگ ماہِ صیام میں پانی کی بوند بوند کے لئے ترس گئے۔ واسا مینگورہ کے آنے کے بعد اور ٹی ایم اے مینگورہ سے پانی سپلائی اور شہر کی صفائی کے لیے اختیارات لینے کے بعدواسا مینگورہ نے شہر کو گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کردیا۔ اب شہری پانی کے لئے ترس رہے ہیں۔ مینگورہ شہر اور سیدو شریف میں ہر جگہ گندگی کے ڈھیر نظر آرہے ہیں۔ شہر کی سڑکوں اور خاص کر سبزی منڈی کے ارد گرد گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے شہر میں قسم قسم کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ مینگورہ شہر میں حاجی غمے لار پر واقع سرکاری مذبح خانہ میں جانوروں کی آلائشوں کی وجہ سے قریبی آبادی میں رہنے والے لوگوں کا جینا محال ہوگیا ہے۔ اکثر لوگ ملیریا کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ واسا مینگورہ کے افسران نے اپنے لئے لاکھوں روپے ماہانہ کرایہ پر سیدو شریف کے پر تعیش علاقہ میں بنگلہ حاصل کیا ہے۔ جب لوگ شکایت کے لئے وہاں جاتے ہیں، تو گیٹ پر موجود اہلکار لوگوں کو اندر جانے نہیں دیتے جس کی وجہ سے مینگورہ شہر کا شمار صوبے کے سب سے گندے ترین شہر میں ہونے لگا ہے۔ اہلِ علاقہ نے وزیر اعلیٰ محمود خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واسا مینگورہ کے فنڈز کا آڈٹ کریں اور شہر کی صفائی اور پانی کی عدم فراہمی کا نوٹس لیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں