Swat

سوات، صوبائی حکومت کا زرعی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان

سوات  (باخبر سوات ڈاٹ کام)   تحریک انصاف حکومت کی جانب سے سوات میں زرعی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے، مگر حکومت نے اس یونیورسٹی کے لئے نئی اراضی کی بجائے سوات میں قائم جدید طرز سے زراعت کے میدان میں تحقیق کرنے والا ادارہ ”زرعی تحقیقاتی ادارہ”کو ختم کرنے کی ٹھان لی۔ اسی عمارت میں یونیورسٹی کی کلاسز شروع کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں گذشتہ روز مینگورہ کے نواحی علاقے تختہ بند میں قائم زرعی تحقیقاتی ادارہ میں اہم بیٹھک ہوئی جس میں وزیرِ زراعت محب اللہ خان کے علاوہ سیکرٹری زراعت محمد اسرار خان، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور ڈاکٹر جہان بخت خان، زرعی تحقیق کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نوید اختر اور ڈائریکٹر محمد ایاز خان اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بہار2020 ء میں زرعی یونیورسٹی سوات کی کلاسز کا اجرا ہوگا، تاہم ذرائع کاکہنا ہے کہ محکمہ زراعت کی جانب سے زرعی تحقیقاتی ادارہ کی عمارت دینے سے انکار کیا گیا ہے، جس پر حکومت کی جانب سے مسلسل دباؤ ڈالنے کی اطلاعات ہیں۔ یونیورسٹی کے قیام سے ملاکنڈ ڈویژن کا سب سے بڑا ادارہ جو زراعت کے میدان میں تحقیق کرتا آرہا ہے، بند ہوجائے گا۔ یوں سوات کے لاکھوں زمین داروں کی امیدیں دم توڑ دیں گی۔ زرعی تحقیقاتی ادارہ کے ممکنہ خاتمے کے خلاف سوات کی سول سوسائٹی نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اس ضمن میں بھر پور احتجاج کی دھمکی دے دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں