(باخبر سوات ڈاٹ کام) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خوا اختر حیات خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ سی ٹی ڈی پولیس سٹیشندھماکہ دہشت گردی نہیں، تاہم دھماکے کے ہر پہلو پر تفتیش کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہئ سوات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں سی ٹی ڈی دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں تمام تر طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈی آئی جی کو خود اس کی نگرانی کی ہدایت کی۔ نیز مختلف پولیس سٹیشن کے دورے کئے اور وہاں پر کوت کا معائنہ کرتے ہوئے حکام کو کوت کے ہر ممکن تحفظ اور احتیاط کی بھی ہدایت کی۔ اختر حیات خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی دھماکہ کسی تخریب کاری کا نتیجہ نہیں بلکہ کوت میں پڑے دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہوا ہے۔اس کے لیے مرکزی حکومت نے فوری طور پر شہدا پیکج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میرے بچے ہیں۔ ان کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے دہشت گردی کی جنگ میں فرنٹ لائن مین کا کردار ادا کیا ہے اور کر رہی ہے۔ انہوں نے اس مٹی کی حفاظت کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں شہیدوں اور غازیوں کی فورس کی قیادت کر رہا ہوں۔
