مینگورہ (باخبر سوات ڈاٹ کام ) سوات کی تحصیل چارباغ کے علاقہ آلہ آباد میں سیکورٹی فورسز نے دریا کے ذریعے چارباغ میں داخل ہونے والے دو دہشت گردوں کو مقابلے کے دوران فائرنگ کرکے ہلاک اورسہولت کار کوگرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق اُن کو اطلاع ملی تھی کہ حال میں افغانستان سے دہشت گردی کی نیت سے سوات آنے والے فضل اللہ کے قریبی ساتھی دریا کے ذریعے چارباغ میں داخل ہوں گے جس پر سیکورٹی فورسز اور پولیس نے علاقہ کا گھیراؤ کیا۔ ملزمان نے فورسز کو دیکھ کر فائرنگ کی اور دستی بم کا حملہ کیا۔ جوابی کارروائی میں دو شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عبدالوہاب عرف حماد اوراسد اللہ عرف عمیرکے نام سے ہوئی۔ فورسز نے دہشت گردوں کے سہولت کار عبداللہ ولد نیک زادہ سکنہ چارباغ کو گرفتار کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد سوات آپریشن کے دوران فضل اللہ کے ساتھ افغانستان فرار ہوئے تھے۔ ان دنوں افغانستان سے دہشت گردی کی نیت سے واپس سوات آئے تھے۔
previous post
next post
