سوات(باخبرسوات ڈاٹ کام) عوامی نیشنل پارٹی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر و سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کا خاتمہ ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ حکمرانوں کے ساتھ ملک چلانے کا کوئی پروگرام نہیں۔ خلائی مخلوق کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کا ضمنی الیکشن میں عوامی مقبولیت کا رازفاش ہو گیا۔ عوام کو آئے روز مہنگائی اور معیشت کی تباہی جیسی خوشخبریاں سنائی جا رہی ہیں۔ سانحۂ ساہیوال نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ دُعا کرتاہوں کہ سواتی وزیراعلیٰ کو اللہ ہمت دے، جتنے وسائل میں یہاں خرچ کر چکا ہوں، اس کے برابر خرچ کر پائے۔ سماجی نا انصافیوں کو ختم اور علم کو عام کرنے کیلئے باچا خان کے بتائے ہوئے راستے پر چل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ودودیہ ہال سیدو شریف میں باچا خان؍ ولی خان برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل اے این پی کے ضلعی صدر شیر شاہ خان اور جنرل سیکرٹری رحمت علی خان نے بھی خطاب کیا اور مقررین نے فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
