سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام ) سوات میں جے یو آئی ف دو واضح گروپوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔پارٹی قیادت کی جانب سے چشم پوشی کے باعث دونوں گروپوں میں اختلافات سنگین ہوگئے ہیں۔ ایک گروپ کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے مہم چلائی جارہی ہے، تودوسرے گروپ کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے اور الیکشن سے بائیکاٹ پر غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سوات میں جے یو آئی ف اس وقت شدید اختلافات کا شکار ہے۔ موجودہ ضلعی امیر قاری محمود کی جانب سے سابق ضلعی امیر اور امارت کے امیدوار مولانا حجت اللہ سمیت قاری رحیم اللہ کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے۔ ان کے حوالے سے ساٹھ کے قریب رہنماؤں اورکارکنوں نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرکے تحفظات سے آگا ہ بھی کردیا ہے، لیکن ابھی تک پارٹی قیادت کی جانب سے دونوں گروپوں میں اختلافات ختم کرنے کے لئے کوئی کوشش سامنے نہیں آئی ہے۔ تحصیل سطح پر ہونے والے پارٹی انتخابات میں مولانا حجت اللہ گروپ نے کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ قاری محمود گروپ کی جانب سے تاحال الیکشن کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی حصہ لیا گیا ہے ۔
