سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم خان کی ہدایات کی روشنی میں پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کی ٹیم نے تمام اضلاع میں گڈ گورننس سٹریٹیجی اور خیبر پختونخوا انسپکشن سسٹم پرٹریننگ دینے کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سوات کے کانفرنس ہال میں ڈپٹی کمشنر دیر لوئر شوکت علی یوسف زئی کی زیرِ صدارت جمعرات کے روز پی ایم آر یو ٹیم نے ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ز سمیت متعلقہ اضلاع کے لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کو تربیت دی گئی۔ ڈپٹی کوآرڈی نیٹر پی ایم آر یو ڈاکٹر عاکف خان نے متعلقہ افسران کو تربیت دی۔ ڈاکٹر عاکف نے شرکا کو بتایا کہ گڈ گورننس اسٹریٹیجی کے انعقاد کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت اور احتساب کومتعارف کرنے اور عوام کی خدمات تک رسائی کو ان کی دہلیز تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ عوام کی شرکت سے ترقیاتی معاملات کو آگے بڑھاناہے۔
