سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت و لائیوسٹاک، فشریز اینڈ کوآپریٹیو محب اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبے کو غذائی ضروریات میں خودکفیل بنانے کیلئے محکمہ زراعت کے دیگر شعبوں کی طرح لائیوسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ میں بھی عالمی معیار اپنانا اور حاصل کرنا ناگزیر بن چکا ہے۔جس کیلئے تمام متعلقہ حکام کو اپنے ائیر کنڈیشنڈ دفاتر میں بیٹھ کر محض اجلاسوں پر اجلاس بلا کر وقت ضائع کرنے کی بجائے فیلڈ میں جا کر اور کاشتکاروں کے ساتھ بیٹھ کر باہمی مشاورت سے کام کرنا اور بین الاقوامی معیار کو دیکھ کر حکمت عملی وضع کرنا ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ وہ صرف انہی اقدامات اور پالیسیوں کو قبول کریں گے اور ضرورت پڑنے پر ان کی کابینہ سے توثیق کرائیں گے جو حقیقی اہداف پر مبنی اور عالمی معیار کے مطابق ہوں اور ان میں مویشی پال کاشتکاروں کی رائے بھی شامل ہو۔ وہ اپنے دفتر میں صوبے میں لائیوسٹاک کے مختلف جاری منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق سہ ماہی جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ایکسٹینشن ڈاکٹر شیر محمد خان اور دیگر متعلقہ حکام نے انہیں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور حاصل کردہ اہداف اور کامیابیوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
