(باخبر سوات ڈاٹ کام)ملک میں تین چھٹیوں کے دوران غیر معمولی تعداد میں سیاحوں کی ممکنہ آمد پر انتظامیہ نے انتظامات شروع کر دیں۔ 5 فروری بروزِ جمعہ یومِ کشمیر کی چھٹی اور اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار چھٹی کی وجہ سے کثیر تعداد میں سیاحوں کی سوات آمد کا امکان ہے۔ سوات موٹروے، سوات کی دیگر سڑکوں کی تعمیر، ملم جبہ میں صوبے کے پہلے فائیو سٹر ہوٹل کی تعمیرکی وجہ سے تاریخ میں پہلی بار سوات میں موسم سرما میں لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں نے سوات کا رُخ کیا۔ پہلی بار سوات کے تمام ہوٹل موسمِ سرما میں کھلے رہے اور ہوٹلوں کے کمرے مہمانوں کے لئے کم پڑگئے تھے۔ اس سلسلے میں رابطہ پر ڈی پی او سوات پولیس دلاور خان بنگش نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ اس سال موسمِ سرما میں سیاحوں کی آمد بہت زیادہ رہی۔ آنے والی تین چھٹیوں کے دوران بڑی تعداد میں امکان ہے کہ ملک بھر سے برف دیکھنے کے لئے سیاح سوات کا رُخ کریں جس کی وجہ سے سوات پولیس، ٹوورازم پولیس تیار ہیں اور تمام سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی مدد کے لئے پولیس دست بستہ کھڑی ہوگی۔ مختلف سڑکوں پر سیاحوں کی رہنمائی کے لئے ٹریفک پولیس کو تعینات کیا جائے گا۔
previous post
