چیف ایڈیٹر : فیاض ظفر
ایڈیٹر : امجد صحاب
ریزیڈنٹ ایڈیٹر: عطااللہ خان بابا
Swat

مینگورہ میں ٹریفک کا ازدحام، پیدل چلنا بھی مشکل ہوگیا

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کے مرکزی اور سب سے بڑے شہر مینگورہ میں ٹریفک کا ازدحام لوگوں کے لئے دردِ سر بن گیا۔ ریاستِ سوات دور میں والیِ سوات نے مینگورہ کی سڑکیں اُس وقت موجود پانچ تا دس گاڑیوں کے لئے بنائی تھیں جس پر اب ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں چل رہی ہیں۔ ایس پی ٹریفک سوات شاہ حسن نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتا یا کہ مینگورہ شہر کی مین سڑکیں 17 کلومیٹر ہیں۔ بائی پاس اور لنک سڑکوں کی تعداد 11.5 کلومیٹر ہے، جس کو ملا کر مینگورہ شہر کی تمام سڑکیں 27.7 کلومیٹر ہے۔ ان پر روزانہ 58 ہزار سے 65 ہزار گاڑیاں چلتی ہیں۔ اگر ان 27.7 کلومیٹر پر سڑک کے دونوں اطراف چار میٹر کے حساب سے گاڑیاں کھڑی کردیں، تو ان پر 12ہزار گاڑیاں کھڑی ہو سکتی ہیں۔ مینگورہ شہر میں کل 13 کار پارکنگ ہیں۔ اگر یہ تمام فل ہوجائیں، تو ان میں 2000 گاڑیاں کھڑی ہونے کی گنجائش ہے۔ شہر میں کل 33 بس سٹینڈ یا اڈے ہیں جن میں اگر تمام گاڑیاں کھڑی ہو جائیں، تو ان میں 4068 گاڑیوں کی گنجائش ہے۔ مینگورہ شہر میں رکشہ یونین کے ساتھ رجسٹرڈ رکشوں (چنگ چی شامل نہیں) کی تعداد 13 ہزار سے زائد ہے، لیکن ٹریفک پولیس اور دیگر اداروں کا کہنا ہے کہ یہ تعداد دوگنی ہے۔ کیوں کہ اس میں ہزاروں کی تعداد میں محکمہ ایکسائز کے ساتھ غیر رجسٹرڈ رکشے بھی سڑکوں پر چل رہے ہیں۔ موجودہ ڈی پی اوکی تعیناتی سے پہلے ٹریفک پولیس کی تعداد 350 تھی، جس کو اب بڑھا کر 500 کے قریب کردیا گیا۔ ایس پی ٹریفک کے مطابق اس وقت شہر میں گاڑیوں کی فی گھنٹہ رفتار دس کلومیٹر ہے۔ اب پولیس کی کوشش ہے کہ یہ رفتار 20 سے30 کیا جائے۔مئی 2017ء کی مردم شماری میں مینگورہ شہر کی آبادی 332000 ہزار تھی لیکن موجودہ صورتحال میں ماہرین کا خیال ہے کہ یہ آبادی اب دگنی ہوچکی ہے۔ مینگورہ شہر میں شانگلہ، بونیر، دیر، باجوڑ اور دیگر اضلاع سے بڑی تعداد میں خاندانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے میدانی حصوں میں جگہ کم ہونے اور قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے باہر اضلاع سے آنے والے زیادہ لوگ پہاڑوں میں زمین خرید تے ہیں جس کی قیمت میدانی علاقوں سے بہت کم ہے۔ اس وجہ سے رحیم آباد، اسلام آباد، امانکوٹ، فیض آباد، بالیگرام، چیل شگئی، بت کڑہ، کوہستان گٹ، فضاگٹ، زمرد محلہ، ملوک آباد اور دیگر علاقوں میں یا تو پہاڑی کے آخری سرے تک مکانات تعمیرات ہوچکی ہیں یا پہنچ رہی ہیں۔ مینگورہ شہر میں نان کسٹم پیڈ، نان کسٹم پیڈ”کٹ“(جس پر ہائی کورٹ کی جانب سے پابندی ہے)، رکشے، موٹر سائیکلوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ چمن اور لنڈیکوتل کے راستوں سے افغانستان سے جاپانی گاڑیوں کی سوات آمد کا سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ مقامی طورپر تیار ہونے والے رکشے یا تو بغیر نمبر پلیٹ کے چلتے ہیں، یا رجسٹرڈ رکشے کا ایک نمبر دس، دس رکشوں نے لگایا ہے۔ شہر میں قسطوں پر موٹر سائیکلوں کی فروخت کی وجہ سے ان کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو ٹریفک رش میں اضافے کی وجہ ہے۔ اگر پولیس ان غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے، توسیاست دان میدان میں کود پڑتے ہیں اور پولیس کو کام کرنے نہیں دیتے۔ اس کی وجہ سے غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف کارروائی شروع ہونے سے پہلے بند ہو جاتی ہے۔ شہر میں تجاوزات، ہتھ ریڑھی اور چھابڑی فروشوں کے ازدحام کی وجہ سے بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ سوات میں شورش سے پہلے اور اس کے بعد سڑکوں کی حالت اور خاص کر سیاحتی علاقوں کو جانے والی سڑکوں کی حالت انتہائی خراب تھی۔ چکدرہ سے کالام، چکدرہ سے براستہ لنڈاکے تا مدین، ملم جبہ اور کرنل شیر خان سے چکدرہ تک موٹر وے کی تعمیر، ملم جبہ میں صوبے کے پہلے فائیو سٹار ہوٹل اور چیئر لفٹ کی تعمیر کے بعد اب سوات کا سفر آسان اور آرام دہ ہوگیا ہے۔ ان سڑکوں کی تعمیر سے پہلے سوات میں سیاح صرف موسم گرما میں آتے تھے لیکن پچھلے سال سے ایسا کوئی مہینا نہیں کہ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں سیاح سوات کا رُخ کر رہے ہیں۔ ہر روز آنے والے سیاحوں کے لئے 16 سو سے زائد ہوٹلوں میں جگہ کم ہو جاتی ہے۔ زیادہ تر سیاح پہلے مینگورہ میں قیام کرتے ہیں جس کے بعد وہ دوسرے سیاحتی علاقوں میں جاتے ہیں۔ یہ بھی شہر میں گاڑیوں کی رش کی وجہ ہے۔ سول سو سائٹی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا خیال ہے کہ اگر حکومت آخری بار نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے لئے ایمنسٹی اسکیم دے، کم پیسوں پر یہ گاڑیاں رجسٹرڈ کردے اور پھر قانون کے مطابق غیر قانونی گاڑیوں پر سخت پابندی لگادے، تو کافی سہولت آسکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس اور دوسرے متعلقہ اداروں کو بلا خوف اجازت دے کہ وہ غیر قانونی گاڑیوں، تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کریں۔ شہر میں مزید لنک روڈ اور جہاں ممکن ہو فلائی اوورز بنا دیں، تو اس سے ٹریفک رش میں زیادہ حد تک کمی آسکتی ہے۔

Related posts

نوجوان چھری کے وار سے شدید زخمی

Ba Khabar Swat

ڈائریکٹر جنرل پراسیکوشن خیبرپختونخوا کا سوات آفس کا دورہ

Ba Khabar Swat

شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب بھی ملم جبہ کے سحر میں گرفتار

Ba Khabar Swat

Leave a Comment