(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں بہار کی آمد کے موقع پر ضلع بھر میں پھل دار درختوں میں پھول کھل اٹھے۔ ہر جانب پھولوں کی خوشبو محسوس کی جارہی ہے۔ سوات میں آڑو کی فصل ملک بھر کی 64 فیصد پیداوار ہے۔ بہار میں جب ان درختوں میں پھول کھل اٹھتے ہیں، توایسا لگتا ہے کہ جیسے وادئی سوات نے پھولوں کی چادر اوڑھ لی ہو۔ تحصیل بریکوٹ کے علاقہ ملکِ دم جہاں آبادی نہ ہونے کے برابر ہے، لاکھوں کی تعداد میں آڑو، خوبانی اور آلوچے کے درخت ہیں۔ سوات میں سڑک کے کناروں ان پھلوں کے باغات ہیں۔ ان دنوں جب کوئی گاڑی میں سوات کے کسی علاقے کا سفر کرتا ہے، تو اس کو ہر طرف پھول ہی پھول نظر آتے ہیں۔ پھولوں کی خوشبو سے علاقہ معطر رہتا ہے۔ ان دنوں میں بیشتر سیاح سوات آتے ہیں اور بہار کے موسم سے محظوظ ہوتے ہیں۔ مقامی لوگ بھی بہار میں اہل خانہ کے ساتھ گھومنے کے لئے سوات کے مختلف علاقوں میں جاتے ہیں۔
