(باخبر سوات ڈاٹ کام) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سعودی آرمی چیف کے دورہئ بھارت میں یادداشت پر دستخط کے موقع پر دیوار پر آویزاں 1971ء کی سرینڈر دستاویز پر دستخط کی تصویر سے بھارت مسلم دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتا ہے۔ امتِ مسلمہ کے حکمران آج سلطان ٹیپو کی ریاست میسور (کرناٹک) میں مسلمان بچی مسکان سمیت دیگر بچیوں کو پردے سے روکنے کے بھارتی عمل پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مسلم حکمران مغربی طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔ ٹرانس جنڈرز حقوق بِل خاندانی نظام کو تباہ کرنے، مرد کی مرد اور عورت کی عورت سے شادی کے لئے راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے۔ اس بل سے مسلمان خواتین کا تقدس پامال ہوگا۔ انسدادِ جبری تبدیلی مذہب کی مخالفت دلیل سے کی ہے۔ اسلام کسی جبری طور پر اسلام قبول کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام قبول کرنے کے لئے عمر کی شرط رکھنا غلط ہے۔ وقف پراپرٹی بل مساجد و مدارس کے خلاف ہے۔ قرآن و سنت سے تعلق مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ جب تک قرآن و سنت سے مضبوط تعلق اور قرآن و سنت کو سمجھنے والوں کو اقتدار کی مسند پر نہیں بٹھاتے، امت محکوم رہے گی۔ دین اسلام کے قیام کی جدوجہد جہادِ کبیر ہے۔ ہر شخص کو اپنی حدود کے اندر اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن اوڈیگرام میں ختم القرآن و تکمیل مشکوٰۃ شریف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
next post
