(باخبر سوات ڈاٹ کام) خیبر پختون خوا میں عید کی خریداری میں ”پشاوری چپل“ کو اہم سمجھا جاتا ہے۔ موسمِ گرما اور خاص کر عید قریب آتے ہی پشاوری چپل کی فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ پشاوری چپل کو مختلف علاقوں میں ”چارسدوال چپل“ کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ پشاوری چپل کے ایک دکان دار امجد علی نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ حالیہ مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے چپلوں میں استعمال ہونے والے سامان کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے چپل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ عید کے لئے پشاوری چپل خریدنے والے ساجد خان نے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتا یا کہ یہ چپل ہماری ثقافت کی پہچان ہے۔ ساتھ میں موسم گرما میں اس چپل میں پاؤں ٹھنڈارہتا ہے،جس کی وجہ سے وہ ہر سال موسم سرما میں پشاوری چپل خریدتا ہے۔ پشاوری چپل فروخت کرنے والے دکان داروں کا کہنا ہے کہ اس میں درجنوں اقسام کی چپل تیار کی جاتی ہے لیکن اس وقت مارکیٹ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی چپل میں بٹ سول، عمران خان، زرداری، پشاور زلمی اور پنج دار کے نام سے جانے جانی والی چپل سب سے زیادہ فروخت ہورہی ہے۔ ان چپلوں کو صوبہ بھر میں ان ناموں سے جانا اور پہچانا جاتا ہے۔ پشاوری چپل کے ہول سیل کا کاروبار کرنے والے ڈیلر فضل سبحان نے چپلوں کی قیمتوں بارے باخبر سوات ڈاٹ کام کو بتایا کہ پشاوری چپل کی قیمت 6 سو روپے سے شروع ہوتی ہے اور 4500 تک کی اقسام زیادہ فروخت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم قیمت والی چپل میں عام میٹریل کا استعمال کیا جاتا ہے۔ زیادہ قیمت والی چپل میں اعلیٰ معیار کا میٹریل استعمال ہوتا ہے۔ خصوصی آرڈر اور میٹریل سے تیار کردہ چپل کی قیمت اس سے زیادہ ہوتی ہے۔
