(باخبر سوات ڈاٹ کام) وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی و عوامی اُمور و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئرامیرمقام نے سوات سنگوٹہ مسلم لیگ ہاؤس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں سوات کے علاوہ شانگلہ،بونیر اوردیگرعلاقوں کے لوگوں نے اپنے اپنے علاقوں کے انفرادی اوراجتماعی مسائل اورمشکلات کی نشان دہی کی۔ لوگوں نے انجینئر امیرمقام کی موجودگی میں مسائل کے حوالے سے انبار لگا دئیے۔ وفاقی محکموں کے حوالے سے عوامی شکایات پرانجینئرامیرمقام نے وہاں موجود محکمہ واپڈا، محکمہ سوئی گیس، یوٹیلٹی سٹور اوردیگروفاقی محکموں کے آفیسرز کو احکامات جاری کردئیے جن میں زیادہ تربروقت حل ہوئے۔ بعدازاں انجینئرامیرمقام نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر اس طرح کوکھلی کچہریاں لگائی جارہی ہیں، تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پرسہولیات میسرہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والوں کوجھوٹ بولنے پر عالمی ایوارڈ ملناچاہئے۔ کیونکہ محکمہ واپڈااورمحکمہ سوئی گیس کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وہ جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ میں چیلنج کرتاہوں کہ وہ جوبول رہے ہیں، وہ بالکل حقیقت کے برعکس ہے۔
