(باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات موٹروے فیز ٹو قومی مفاد کا منصوبہ ہے۔ میگا منصوبوں پر سیاست کی اجازت نہیں دے سکتے۔ بطورِ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک منصوبے پر پیشرفت کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ منصوبے کے ڈیزائن سے متعلق بعض افراد کو تحفظات تھے جس کے لئے جرگہ بلایا گیا۔ جرگے میں مسائل کو اتفاق سے حل کرنے اور تکنیکی پہلوؤں پر کمیٹی تشکیل دینے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے پر اتفاق ہوا تھا، لیکن بعض عناصر میگا منصوبے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔ قومی مفاد کے منصوبے پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔ منصوبہ بہر صورت مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے سوات موٹروے فیز ٹو کے تکنیکی پہلوؤں پر پچھلے ماہ منعقدہ جرگہ کے تناظر میں بنائے گئے تکنیکی کمیٹی کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کا کہنا تھا کہ جرگہ میں تکنیکی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ ہوا تھا۔ تکنیکی کمیٹی کا اجلاس سوات اور پشاور میں بلایا گیا اور اب دوبارہ سوات میں بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں جرگہ کی جانب سے مقرر کردہ مقامی تکنیکی کمیٹی ممبران نے عدم دلچسپی دکھائی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کا کہنا تھا کہ میگا منصوبے کے حوالے سے ایسا رویہ اہم منصوبے پر تاخیر کا سبب بن سکتا ہے۔ تحفظات کو دور کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت تیار ہے، مگر منصوبے میں خلل ڈالنے نہیں دیں گے۔
previous post
