(باخبر سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ادارے اور عوام لازم و ملزوم ہیں۔ امان و امان کے لئے ضلع سوات میں ادارے جو اقدامات کررہے ہیں، عوام اس سلسلے میں پُراعتماد رہیں۔ سوات کے عوام نے امن پسندی کا جو ثبوت دیا ہے ادارے بھی اپنی ذمے داریوں سے ہر گز غافل نہیں۔ علاقے میں کسی بھی سطح کی بدامنی نہ عوام کو قابلِ قبول ہے اور نہ اداروں کو، عوام پولیس اور فوجی جوانوں کی قربانیوں کی بدولت امن کا حصول ممکن ہوا۔ حالیہ صورتحال کے تناظر میں اداروں کی جانب سے بھرپور اقدامات ہوئے ہیں اور نتائج پر عوام کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ تحصیل سطح پر جرگے منعقد کئے جائینگے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واضح احکامات جاری کئے ہیں اور عوام کو اعتماد میں لینے کا کہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے واضح احکامات ہیں کہ بدامنی کا ہر سطح پر قلع قمع کیا جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ امن دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انارکی پھیلانے کی کوششوں کو بھی ناکام بنایا جائے گا۔ سوات کی پر امن فضا برقرار رکھی جائے گی۔ اس کے لئے ہر قسم کے اقدامات ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹہ چپریال میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
previous post
