(باخبر سوات ڈاٹ کام) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ریجن سجادخان اور سابق حکمران والئی سوات کے پوتے شہزادہ میاں گل شہریار امیرزیب کے ہمراہ کمشنر آفس سیدو شریف سوات کے نئے تعمیر شدہ گیٹ کا افتتاح کیا۔ نئے گیٹ کو ریاست سوات کے سابق حکمران والئی سوات میاں گل عبد الحق جہانزیب کے نام سے منسوب کرتے ہوئے اسے ”بابِ جہانزیب“کا نام دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ملاکنڈ عبدالکبیر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل خان، سیکٹری ٹو کمشنر ملاکنڈ محمد علی خان، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی شاہ جمیل خان اور دیگر افسران اور علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی کا کہنا تھا کہ کمشنر آفس کے مین داخلی گیٹ کی تعمیر کی ضرورت روڈ ٹریفک مینجمنٹ اور کمشنر و ریجنل پولیس دفاتر تک گاڑیوں کی آمدورفت سہل کرنے کی خاطر پیش آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ گیٹ کمشنر اور دیگر دفاتر تک انٹری آسان بناتے ہوئے بہتر سیکورٹی میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
previous post
