سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) متحدہ لیبر یونین (سی بی سی) سوات کے زیر اہتمام پلے کارڈز اٹھائے مزدروں نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں ان کے بچوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے اور امداد کے لئے دہائیاں دے رہے تھے۔ متحدہ لیبر یونین کے صدر معراج النبی مظلوم، عالمگیر اور دیگر مقررین نے کہاکہ کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن نے مزدوروں سے روزگار چھین لیاہے۔ کارخانے بند کردیے گئے ہیں۔ ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں۔فاقوں کی نوبت آئی ہے، مگر کسی نے ان کا حال تک نہیں پوچھا۔انہوں نے حکمرانوں کے دعوؤں کو محض ڈھونگ قراردیااورکہا کہ نہ انہیں حکومت کی جانب سے امداد ملی ہے اور نہ ہی احساس پروگرام میں ان کے نام شامل کیے گئے ہیں جو سراسر ظلم اور انانصافی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اوپر سے اب گھروں سے نکالے جانے کے نوٹس بھی ملنے لگے ہیں۔ حالاں کہ خان صاحب پچا س لاکھ گھر دینے کے دعوتے کرتے ہیں، لیکن ہمیں اپنے گھروں سے نکالا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کو فوری طور پر ریلیف دیا جائے اور ان کے کرائے اور فنڈ کو معاف کردیا جائے، بصورت دیگر وہ شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
previous post
