(باخبر سوات ڈاٹ کام) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا، اختر حیات خان آج منگلور سوات میں سی ٹی ڈی کے شہید سب انسپکٹر عبداللہ خان کی رہائش گاہ گئے۔جہاں انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے بلند درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔آئی جی پی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان صبر وتحمل سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آئی جی پی نے سوگوار خاندان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے شہید کی گراں قدر پیشہ ورانہ پولیس خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائیگی۔ آئی جی پی نے شہید کے بچوں کو سینے سے لگایا اور انہیں گود میں بٹھا کر ان سے بے پناہ شفقت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں آئی جی پی نے کبل سوات میں پچھلے دنوں ہونے والے دھماکوں سے متاثرہ سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن کی عمارتوں کا معائنہ کیا۔ کبل پولیس لائنز پہنچنے پر ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی شوکت عباس اور ضلعی افسران نے ان کا خیر مقدم کیا۔ سوات پولیس کے دستے نے انسپکٹر جنرل کو سلامی پیش کی۔ آئی جی اختر حیات خان نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔
