(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات کے لوگوں کی زمین پر محکمہ جنگلات کے مبینہ قبضہ کے خلاف تحریکِ مظلومانِ سوات کی جانب سے کبل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں کثیر تعداد میں تحریک کے ارکان نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے اپنے خطاب میں مقررین نے کیا کہ جو حد بندی ہے، اُس کو فوری روکا جائے۔ پچھلے کئی دنوں سے محکمہ جنگلات کے حکام اپنی حد بندی کر رہے ہیں، جس میں مظلوم لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جارہاہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کو فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1980ء سے 1986ء تک ناقص بندوبست کی وجہ سے عوام کی ملکیتی زمینوں پر محکمہ فارسٹ کے نام درج کئے گئے ہیں۔ مذکورہ بالا زمینوں کے مالکانہ حقوق متاثرین کے نام درج کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ جنگلات ہماری زمینوں پر قبضے کر رہا ہے۔ اگر ا س عمل کو بروقت نہ روکا گیا، تو احتجاج کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائیگا۔ اپنے حقوق کے حصول تک آخری وقت تک لڑیں گے۔ مقررین نے سابقہ حکومت اور سوات کے ممبران اسمبلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ ان کے ایما پر ہمارے ساتھ یہ ظلم کیا گیا جو معافی کے قابل نہیں۔
