(باخبر سوات ڈاٹ کام)سیدو ہسپتال کی کیجولٹی (ٹراما سینٹر) میں مریض صحت یاب ہونے کی بجائے خوار ہونے لگے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے نو اضلاع کے مین کیجولٹی (ٹراما سنٹر) جو سنٹرل ہسپتال سیدو شریف میں واقع ہے، کی سی ٹی سکین مشین کئی دنوں سے خراب پڑی ہے۔ ایکسرے فلم ختم ہونے کی وجہ سے ایکسرے ڈیپارٹمنٹ بند ہے۔ ٹراما سینٹر میں 90 فی صد ایمرجنسی ادویہ ختم ہیں۔ کتے کے کاٹے یا دیگر زہریلے جانوروں اور حشرات کے کاٹے گئے مریض کے لیے ویکسین ناپید ہے۔ ARV اور IMG بھی ختم ہے۔ کیجولٹی انتظامیہ کے مطابق یہاں روزانہ1500 سے زیادہ ایمرجنسی مریض آتے ہیں۔ کیجولٹی میں علاج کے لئے آنے والے مریض سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے خوار ہو رہے ہیں۔اس سلسلے میں ٹراما سنٹر کے ڈی ایم ایس سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے اس کی تصدیق کی اور کہا کہ اس بارے وہ محکمہ کو بار بار خط لکھ چکے ہیں۔
