سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) بریکوٹ میں پیسکو کی جانب سے صارفین کو بھاری بل بھجوانے کے خلاف صارفین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بریکوٹ بازار میں مظاہرین نے پیسکو کے خلاف نعرہ بازی کی۔ مظاہرین سے اپنے خطاب میں مقامی سیاسی رہنماؤں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے کہا کہ ماہِ صیام میں پیسکو کی جانب سے بغیر میٹر ریڈنگ صارفین کو 50 ہزار سے 70 ہزار روپے کے بل بھجوائے گئے ہیں جو ظلم کی انتہا ہے۔ غریب صارفین روزہ کی حالت میں بل کم کرنے اور ٹھیک کرنے کے لئے پیسکو دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ بلوں کو ٹھیک اور آئندہ بروقت اور صحیح میٹر ریڈنگ کی جائے اور اگر ایسا نہ کیا گیا، تو صارفین سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
