سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) کالام میں روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد سات ہوگئی جن میں سے پانچ کی لاشوں کو دریا سے نکال دیا گیا اور دو افراد کی تلاش جاری ہے۔ منگل کو کالام سے واپسی پر سیاحوں کی پک اَپ گاڑی روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے دریائے سوات میں جاگری تھی جس میں سوار احمد اشفاق سکنہ گوجرانوالہ، شیر خان، خان محمد، محمد علی، فضل الرحمان سکنہ لیلگانئی بونیر کی لاشیں نکال کر آبائی گاؤں کو روانہ کردی گئی تھی۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان وقار خان کے مطابق دریا میں لاپتا سید نواب ولد سید فقیر اور دوا خان ولد شیر محمد سکنہ بونیر کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو اہلکار دریا میں تین مقامات پر لاشوں کو تلاش رہے ہیں ۔
