سوات (باخبرسوات ڈاٹ کام) مینگورہ اور سیدو شریف میں محکمۂ جنگلات سوات نے درختوں کی کٹائی پر پابندی کے باوجود سڑک کنارے درجنوں ہرے اور قیمتی درخت کاٹ دیئے۔ سیدو شریف، مینگورہ روڈ، خونہ چم اور شگئی میں سڑک کے دونوں کناروں ہرے بھرے درختوں کو راتوں رات نامعلوم افراد کاٹ کر لے گئے۔اس سلسلے میں جب درخت کاٹنے والوں سے پوچھا گیا، تو انہوں نے کہا کہ وہ ٹھیکیدار کے بندے ہیں اور ان کے ٹھیکیدار نے ان درختوں کے کاٹنے کا ٹھیکہ محکمہ جنگلات سے لیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ جنگلات سوات کے ڈی ایف او محمد اقبال سے ان کا مؤقف جاننے کے لئے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ درختوں کی کٹائی قانون کے مطابق ہورہی ہے۔ اس کے لئے پہلے نیلام کیا گیا اور ان ٹھیکیداروں نے سرکاری خزانے میں رقم جمع کرائی، جس کے بعد ان کو درخت کاٹنے کی اجازت دے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے نے سڑک کشادگی کے لئے ان درختوں کے کاٹنے کی درخواست کی تھی۔ ساتھ میں ضلع ناظم سوات نے بھی درخت کاٹنے کی درخواست کی تھی اور پیسکو نے بھی اپنی لائنوں کی حفاظت کے لئے درختوں کی کٹائی کی درخواست کی تھی، جب ان سے پوچھا گیا کہ ہرے بھرے درختوں کو بھی کاٹا جارہا ہے، تو انہوں نے کہا کہ یہ تمام درخت پرانے ہوچکے تھے۔
