سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) سوات کی وادئی پشمال میں سرکاری اسکول کے طلبہ نے اساتذہ کی کمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر کالام روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لیے بلاک کردیا گیا۔ گورنمنٹ ہائی اسکول پشمال کے طلبہ نے سڑکوں پر نکل کر حکومت، محکمہ تعلیم اور منتخب نمائندوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ روڈ کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور سیاحوں سمیت مقامی افراد کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین طلبہ کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ ہائی سکول پشمال میں گذشتہ پانچ سالوں سے سولہ پوسٹوں میں سے صرف چار پرمقامی اساتذہ تعینات ہیں اور باقی پوسٹیں خالی پڑی ہیں، جس کی وجہ سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے۔ انہوں نے دو دن کی ڈیڈ لائن پر احتجاج ختم کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے، تو دوبارہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
