(باخبر سوات ڈاٹ کام)سیدو شریف ہسپتال میں والئی سوات دور کے قیمتی درختوں کی کٹائی کے خلاف سول سو سائٹی کے ارکان نے ہسپتال میں اس جگہ احتجاج کیا، جہاں پر درخت کاٹے گئے تھے۔ مظاہرین نے کاٹے گئے درختوں کے پیندوں پر علامتی پھول رکھے اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر درختوں کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کے نعرے درج تھے۔مظاہرین اپنے کمسن بچوں کو بھی احتجاج میں شرکت کے لئے لائے تھے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایک طرف حکومت درخت لگانے پر زور دے رہی ہے اور دوسری جانب سرکاری اہلکار درختوں کو کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کے بعد کسی بھی جگہ درختوں کو کاٹا گیا، تو شدید ترین احتجاج کیا جائیگا۔
