سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) لیگی رہنما، سابق امیدوار قومی اسمبلی فیروز شاہ ایڈووکیٹ کو آبائی علاقہ دمغار کانجو میں سپرد خاک کیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام، پاک فوج کے میجر جنرل اعجاز مرزا، سابق ضلع ناظم محمد علی شاہ خان، ایم پی اے وقار خان، سیاسی رہنماؤں، وکلا اور علاقہ کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جس کے بعد ان کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ فیروز شاہ ایڈووکیٹ کو بدھ کو اس وقت فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا جب وہ اپنے گن مین کے ساتھ نمازِ مغرب کے بعد مسجد سے نکل کر گھر جارہے تھے۔ واقع میں ان کا گن مین بھی شدید زخمی ہوا تھا۔ فیروز شاہ ایڈوکیٹ کے قتل کا مقدمہ درج کردیا گیا۔ سرچ آپریشن میں چالیس سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق انسدادِ دہشت گردی دفعات شامل کرکے نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ کانجو میں مقدمہ درج کیا گیا۔ علاقہ میں قاتلوں کی گرفتاری کے لئے گذشتہ رات سے شروع کیا گیا سرچ آپریشن جاری ہے۔
