سوات (باخبر سوات ڈاٹ کام) مینگورہ میں چینہ مارکیٹ کے سیکڑوں دکان داروں نے لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے نشاط چوک میں دھرنا دے کر شہر کی اہم شاہراہیں ٹریفک کے لئے بلاک کردیں اور شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چینہ بازار کے صدر ارشدخان،سہیل اور عرفان نے کہاکہ لاک ڈاؤن سے ان کا کاروبارختم ہوکر رہ گیا ہے۔ گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے، لیکن انتظامیہ کو دیگر بازاروں کو چھوڑ کر صرف چینہ مارکیٹ کورونا کا مرکز دکھائی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پورے شہر میں دکانیں کھلی ہیں اور صرف ہماری مارکیٹ میں کپڑے،جوتے اور کاسمٹیکس کی دکانیں بند کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منڈیوں اور بازاروں میں لوگوں کا رش لگا ہے۔ ان پر کوئی پابندی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا معاشی قتل عام بند کرکے فوری طور پر چینہ مارکیٹ کو کھول دیا جائے۔
