(باخبر سوات ڈاٹ کام) سیدو شریف تدریسی ہسپتال کے سرجیکل وارڈ کے آئی سی یو سے قیمتی بیڈ ایک سرکاری آفیسر اپنے گھر لے گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک سرکاری آفیسر کی والدہ گھر پر بیمار ہے، جس کے لئے سرکاری آفیسر نے سرکاری ملازمین اور سرکاری گاڑی ہسپتال بھیج دی اور سر جیکل آئی سی یو سے بیڈ اپنے گھر لے گیا، جس کی قیمت 9 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ یہ بیڈز سرجیکل کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں حادثات یا فائرنگ میں تشویشناک مریضوں کے لئے ہیں۔ ہسپتال ذرائع ہسپتال سے ضروری بیڈ کے غائب ہونے کی تصدیق کر رہے ہیں، تاہم اس سلسلے میں ہسپتال کے ایم ایس کا موقف جاننے کے لئے ان سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ حکام سے معلومات حاصل کرکے بتادیں گے۔ تاہم چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود انہوں نے رابطہ نہیں کیا۔
