(باخبر سوات ڈاٹ کام)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کا اعلیٰ سطحی اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، محکمہ دیہی ترقی، پی سی آئی پی اور ڈبلیو ایس ایس سی سوات کے آفیسرز کے علاوہ دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو متعلقہ حکام کی جانب سے مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی سکیم، وویمن پارک مینگورہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے منصوبوں پر پیش رفت اور ڈیزائننگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی اسکیم پر 27 ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے میں واٹر ٹرانس میشن، ڈسٹری بیوشن سسٹم اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت 20 کلومیٹرٹرانس میشن لائن بچھائی جارہی ہے، جس کا قطر 48 انچ ہے اور جس سے شہری آبادی کو صاف پانی فراہم کی جائے گی۔ جدید تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ریپڈ گریویٹی فلٹرز ٹیکنالوجی، سولر انرجی اور واٹر میٹرنگ متعارف کی جارہی ہے جس سے صاف شفاف پانی بغیر کسی اضافی سپورٹ کے گھروں اور بالائی منزلوں تک پہنچ سکے گی، جس سے گھروں میں بجلی کی بچت ہوگی اور لوڈ شیڈنگ کے باوجود آبادی کو پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
Swat
