Swat

سوات، جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے خلاف سول سو سائٹی کا مظاہرہ

(باخبر سوات ڈاٹ کام)سوات میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کے خلاف سول سو سائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں شرکت کرنے والے اپنے بچوں کو بھی ساتھ لائے تھے۔ مظاہرین جہانزیب کالج کے سامنے جمع ہوئے جہاں سے وہ جلوس کی شکل میں کچہری چوک تک گئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ہائی کورٹ بار کے جنرل سیکرٹری شاہ فیصل، ڈاکٹر خالد محمود خالد، سوات چمبر آف کامرس کے سابق صدر یوسف علی، عزیز الحق، اظہر الدین اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوات میں ”ووٖڈلاٹ“ قانون کی آڑ میں جنگلات کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔ روزانہ درجنوں ٹرکوں میں لکڑی سوات سے باہرمنتقل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوات کے تمام علاقوں کے جنگلات میں بے دردی کے ساتھ درختوں کا قتل عام جاری ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سوات میں درختوں کی کٹائی بند کی جائے۔ اگر درختوں کا قتلِ عام بند نہ ہوا، تو پھر سوات کے عوام کچہری چوک میں اس وقت تک دھرنا دیں گے، جب تک درختوں کی کٹائی بند نہ کی جائے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں