(باخبر سوات ڈاٹ کام) آل پرائمری ٹیچرز ایسو سی ایشن نے مینگورہ میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اپٹا خیبر پختونخوا کے صدر شاہ بابا اور دیگر نے کہا کہ موجودہ حکومت آئے روزنئے نئے قوانین لاگو کرکے سرکاری ملازمین کی زندگی کو اجیرن بنائے ہوئی ہے، جو انتہائی افسوس کی بات ہے۔ ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ معاہدے کئے تھے لیکن ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے کرائے گئے معاہدے پورے کرے۔ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور وطن عزیز کے بچوں کو پڑھا کر، سکھا کر ملک کی ترقی میں اہم کردارا داکرتے ہیں۔ اسلئے حکومت کو چاہئے کہ اساتذہ کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔ انہوں نے کہ اساتذہ اَپ گریڈیشن پر عمل درآمد کا نوٹیفیکیشن فوری جاری کیا جائے۔ ریگولرائزیشن ایکٹ 2022ء کے مطابق مستقل ہونے والے اساتذہ کو جی پی فنڈ کا حقدار ٹھہرا یا جائے اور اس ایکٹ سے دفاتر کی غفلت سے رہ جانے والے اساتذہ کو مستقل کر کے ریگولرائزیشن ایکٹ 2022ء کا حصہ بنایا جائے۔ پرائمری سکولوں میں کلاس وائز اساتذہ تعینات کئے جائیں۔ پرائمری لیول کے بچوں پر کتابوں کا بوجھ کم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ APT رولز 1989ء کے مطابق پروموشن میں فارگو کا آپشن بحال کیا جائے۔ خیبر پختونخوا میں پرائمری سکولوں کی نجکاری کو مستر د کرتے ہیں۔
